نئی دہلی، یکم ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) قومی دارالحکومت دہلی کے جنتر منتر پر اشتعال انگیز نعرے لگانے کے الزام میں ہندو رکشا دل لیڈر پنکی چودھری نے منگل کو مندر مارگ پولیس اسٹیشن میں خودسپردگی کی۔ پنکی چودھری سینکڑوں حامیوں کے ساتھ تھانے پہونچا اورپھرخودسپردگی کی۔تھانے کے باہر چودھری کے حامیوں نے نعرے لگائے اور اس کا(پنکی چودھری) پھولوں سے استقبال کیا۔ دہلی پولیس جنتر منتر پر اشتعال انگیز نعرے بازی کے سلسلے میں اسے ڈھونڈ رہی تھی۔
اس سے قبل ہندو رکشا دل کے سربراہ پنکی چودھری نے پیر کو ایک ویڈیو میں دعویٰ کیا تھا کہ وہ منگل کو دہلی پولیس کے سامنے خودسپردگی کرے گا۔ویڈیومیں وہ مبینہ طور پر اپنے خلاف تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے نظر آرہا ہے۔ ویڈیومیں چودھری کو یہ کہتے ہوئے سنا گیا ہے کہ وہ منگل کی دوپہر 12 بجے خودسپردگی کرے گااور تحقیقات میں تعاون کرے گا۔